نئی دہلی، 9/مارچ(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا)حکومت ہند نے ہندوستانی ماہی گیروں کی فائرنگ میں ہوئی موت کے معاملے کو سری لنکا حکومت کے سامنے پرزور طریقے سے اٹھایا۔ہندوستان نے سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں ہندوستانی ہائی کمیشن کے ذریعے سری لنکا ئی حکومت کے سامنے اپنی ناراضگی کا اظہار کیا، جس کے بعد سری لنکا ئی حکومت نے پورے معاملے کی تفصیلی جانچ کروانے کو تیارہوگئی ہے۔اتنا ہی نہیں سری لنکا ئی حکومت 85ہندوستانی ماہی گیروں کو رہا کر رہی ہے، جنہیں سری لنکا کے سمندری حدود میں داخل ہونے پر گرفتار کیا گیا تھا۔ہندوستانی وزارت خارجہ کے ترجمان گوپال باگلے نے بتایا کہ سری لنکا ئی بحریہ نے بھی یہ کہا ہے کہ وہ اس پورے معاملے کی تفصیلی انکوائری کروائیں گے۔تمل ناڈو کے ماہی گیروں کا الزام ہے کہ سری لنکائی بحریہ نے ہندوستانی ماہی گیروں پر فائرنگ کی تھی، جس کی وجہ سے ایک ماہی گیر کی موت ہو گئی،اس کے بعد حکومت ہند نے کولمبو میں واقع اپنے ہائی کمیشن کے ذریعے اس مسئلہ کو اعلی سطحی طریقے پر اٹھایا۔غورطلب ہے کہ ہندوستان -سری لنکا کے درمیان دونوں ممالک کے ماہی گیروں پر فائرنگ نہ کرنے کو لے کر باہمی اتفاق ہے، ایسے میں حکومت ہند نے سری لنکا کی حکومت سے جاننا چاہا ہے کہ کیا واقعی سری لنکا ئی بحریہ نے ہندوستانی ماہی گیروں پر گولی چلائی تھی؟ اس معاملے پر دونوں ممالک کی مشترکہ کمیٹی بنی ہوئی ہے، جو وقت وقت پر اس معاملے پر بات چیت کرتی ہے۔وزارت خارجہ کے ترجمان نے بتایا کہ فی الحال اس مشترکہ کمیٹی کی اگلی میٹنگ کو لے کر حکومت ہند کو کوئی اطلاع نہیں ہے۔